
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی فوج کی مرکزی کمان سینٹکام نے ایران پر مزید حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
بی بی سی اردو کے مطابق سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں سینٹکام نے کہا کہ ایران پر ’حملوں کے ایک اور مرحلے‘ میں ایرانی فوج کے کمانڈ سینٹرز، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچ سائٹس اور فضائی دفاع کے نظاموں کو نشانہ بنایا گیا۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر حملے جاری رکھنے کی ایران کی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے۔
سینٹکام کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی آمد و رفت جاری ہے اور ’مئی کے آغاز سے اب تک سینٹکام فورسز نے تقریباً 900 تجارتی جہازوں کو آبنائے عبور کرنے اور 45 کروڑ بیرل خام تیل کی ترسیل میں مدد فراہم کی ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی افواج تیار اور مستعد ہیں کہ اگر ایران آبنائے ہرمز عبور کرنے والے سویلین ملاحوں کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کرے تو اسے جواب دہ ٹھہرایا جائے۔
