
اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان میں خواتین کی ہاکی کو دوبارہ مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں 150 لڑکیوں پر مشتمل خصوصی تربیتی، سکریننگ اور ٹیلنٹ ہنٹ کیمپ جاری ہے۔

ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی 150 کھلاڑی اس کیمپ میں شریک ہیں، جہاں انہیں نیدرلینڈز کے 2سینئر کوچز رچرڈ سنائیڈر اور رابرٹ جسٹس کی زیر نگرانی جدید تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
اس اقدام کو پاکستان میں خواتین کی ہاکی کے فروغ اور نئی نسل کی باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی سطح پر مواقع فراہم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
