
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے چین کی نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر جنرل کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان امیگریشن، بارڈر منیجمنٹ اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر امیگریشن پراسیس کو تیز تر بنانے کے لیے معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے غیر قانونی امیگریشن، بارڈر کراسنگ اور سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے۔ ان جرائم میں ملوث تمام عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ لینڈ بارڈر، سی پورٹس اور امیگریشن منیجمنٹ میں چین کے ساتھ تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔ خنجراب پاس پر سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جی بی سکاؤٹس کی چیک پوسٹ قائم کی جا رہی ہے۔
چینی وفد نے غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور سمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاکستان کے مؤثر اقدامات کو سراہا۔
