
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی محکمہ خارجہ کے شعبہ برائے قونصلر امور کا کہنا ہے کہ ایران اور اس کے حامی گروہ بیرونِ ملک امریکی مفادات یا دنیا بھر میں امریکہ اور امریکی شہریوں سے وابستہ مقامات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔
بی بی سی اردو کے مطابق سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں امریکی شعبۂ قونصلر امور نے کہا ہے کہ امریکہ کی سفارتی تنصیبات کو ماضی میں نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سکیورٹی کی صورتحال پیچیدہ ہے اور حالات کے اچانک مزید بگڑنے کا امکان موجود ہے۔
شعبۂ قونصلر امور نے اپنے بیان میں مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ پروازوں کے منسوخ ہونے، فضائی حدود کے وقتاً فوقتاً بند ہونے اور سفر میں ممکنہ رکاوٹوں کے لیے تیار رہیں۔
مشرقِ وسطیٰ سے باہر موجود امریکی شہریوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر انھوں نے خطے کی طرف یا خطے کے راستے سفر کرنے کے منصوبے بنا رکھے ہیں تو ان پر نظر ثانی کریں۔
