پاکستان پیپلز پارٹی یو اے ای کے زیرِ اہتمام  دبئی میں 5 جولائی کو  یومِ سیاہ نظریاتی وابستگی کے ساتھ منایا گیا

جگہ Jul 10, 2026 IDOPRESS

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان پیپلز پارٹی یو اے ای کے زیرِ اہتمام دبئی میں 5 جولائی یومِ سیاہ انتہائی سیاسی شعور، جمہوری عزم اور نظریاتی وابستگی کے ساتھ منایا گیا۔ تقریب میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جمہوری جدوجہد کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ یہ تقریب ملک محمد اسحاق، چیف آرگنائزر پاکستان پیپلز پارٹی یو اے ای کی جانب سے ترتیب دی گئی اور انہی کی میزبانی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت، کاروباری شخصیات، کمیونٹی نمائندگان، کارکنان اور متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے پارٹی حامیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد اسحاق نے 5 جولائی 1977 کے غیر آئینی اقدام کی شدید مذمت کی، جب جنرل ضیاء الحق نے عوام کے منتخب اور مینڈیٹ یافتہ وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹ کر ملک پر مارشل لا مسلط کیا۔ انہوں نے کہا کہ 5 جولائی صرف ایک سیاسی جماعت کے خلاف کارروائی نہیں تھی، بلکہ یہ آئین، جمہوریت، پارلیمان، عوامی مینڈیٹ اور پاکستان کے سیاسی مستقبل پر براہِ راست حملہ تھا۔ ملک محمد اسحاق نے کہا کہ جنرل ضیاء الحق کے مارشل لا نے پاکستان کے جمہوری اداروں کو شدید نقصان پہنچایا، آئینی بالادستی کو کمزور کیا، معاشرے کو تقسیم کیا اور قومی سیاسی کلچر میں عدم برداشت، خوف اور آمریت کے عناصر کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آئین، جمہوریت اور عوام کے حقوق کے ساتھ کھڑے ہونے کی سب سے بھاری قیمت ادا کی۔انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے اُن ہزاروں کارکنان اور رہنماؤں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے آمریت کے دور میں قید و بند، کوڑوں، تشدد، طویل سزاؤں، قیدِ تنہائی، سیاسی انتقام اور شدید جسمانی اذیتوں کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل پاکستان کی تاریخ کا ایک نہایت تاریک باب ہے، مگر اس عظیم ناانصافی کے باوجود بھٹو کا نظریہ عوام کے دلوں سے ختم نہ کیا جا سکا۔ ملک محمد اسحاق نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے گیارہ طویل برس تک آمریت کے خلاف جرات، نظم و ضبط اور قربانی کے ساتھ مزاحمت کی۔ بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی دلیرانہ قیادت میں پیپلز پارٹی کے کارکنان نے جبر، گرفتاریوں، سنسرشپ اور ریاستی دباؤ کے باوجود پارٹی، پرچم اور جمہوری جدوجہد کو زندہ رکھا۔ انہوں نے بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو حوصلے، صبر، مزاحمت اور جمہوری قربانی کی روشن علامت قرار دیا۔

آل اسٹار ٹیکنالوجی آن لائن ٹیکنالوجی: ٹیک، AI، ایرو اسپیس، بایوٹیک، اور توانائی کی خبروں کے لیے آپ کا ذریعہ

آرین اسٹار ٹیکنالوجی، ایک ٹیکنالوجی نیوز پورٹل۔ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، بائیوٹیکنالوجی، ڈیٹا اور دیگر شعبوں میں تازہ ترین پیشرفت کی اطلاع دینے کے لیے وقف ہے۔
© ایرن اسٹار ٹیکنالوجی رازداری کی پالیسی ہم سے رابطہ کریں