
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کراچی میں پانی چوری کے بڑھتے واقعات روکنے کے لیے خصوصی تھانہ قائم کر دیا گیا۔
نجی ٹی وی چنیل ’’جیو نیوز‘‘ کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے خصوصی تھانے کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر میئر کراچی نے کہا کہ واٹر کارپوریشن نے پانی چوری، غیر قانونی کنکشنز اور ہائیڈرنٹس مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار واٹر کارپوریشن ایکٹ کے تحت خصوصی تھانہ قائم کیا گیا ہے، جسے مکمل قانونی اختیارات حاصل ہیں۔
میئر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اب پانی چوری سے متعلق تمام مقدمات اسی خصوصی تھانے میں درج کیے جائیں گے، جس سے مقدمات کے اندراج، تفتیش اور قانونی کارروائی کا عمل مزید تیز، شفاف اور مؤثر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی تھانے کے ذریعے پانی چوری، غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے قیام اور سرکاری پانی کے غیر مجاز استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
