
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )ملک بھر میں ایک سال کے دوران آٹےکی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوا ہے، 10 جولائی 2025 کے مقابلے میں 10 جولائی 2026 کے ایک سال میں آٹےکا 20 کلوکا تھیلا 1250 روپے تک مہنگا ہوگیا۔
ایک سال میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت تمام صوبوں کے بڑے شہروں میں آٹےکی قیمتوں میں بھاری اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق کراچی کے شہری ایک سال قبل اور اب بھی ملک میں سب سے زیادہ مہنگا آٹا خریدنے پرمجبور ہیں، شہرقائد میں ایک سال قبل آٹےکے 20 کلو تھیلے کی قیمت سب سے زیادہ1800 روپے تک تھی جو بڑھ کر اب بھی ملک میں سب سے زیادہ 2900 روپےتک پہنچ چکی ہے۔
اسی طرح حیدر آباد میں ایک سال میں آٹےکے 20 کلوتھیلے کی قیمت 1700 روپے سے بڑھ کر 2800 روپے، سکھر 1400 روپے سے بڑھ کر 2540 روپے،لاڑکانہ 1500 روپے سے بڑھ کر 2500 روپے، پشاور 1550 روپے سے بڑھ کر 2800 روپے، بنوں 1450 روپے سے بڑھ کر 2700 روپے، کوئٹہ 1600 روپے سے بڑھ کر 2800 روپے جب کہ خضدار میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1600 روپے سے بڑھ کر 2800 روپے تک ہوگئی۔
