
نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکا کی ریاستوں ایریزونا اور کولوراڈو میں زہریلی فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق گردوغبار اور جنگلات میں لگنے والی آگ کے دھوئیں کے امتزاج سے ہوا کا معیار انتہائی خراب ہو گیا ہے، جس کے باعث سانس لینے میں دشواری اور دیگر صحت کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
ایریزونا اور کولوراڈو میں ایمرجنسی ایئر کوالٹی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بیرونی سرگرمیاں محدود رکھیں، سخت جسمانی مشقت سے گریز کریں اور جہاں ممکن ہو کھڑکیاں بند رکھیں۔
ماہرین کے مطابق اس دھوئیں میں پی ایم 2.5 سمیت مضر گیسیں اور انتہائی باریک ذرات شامل ہوتے ہیں، جو پھیپھڑوں اور خون میں داخل ہو کر دل اور نظامِ تنفس پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
