
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور کے علاقے شمالی چھاؤنی میں تیز رفتار گاڑی نے موٹرسائیکل سواروں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے، جس کی کلوز سرکٹ فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’’ ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق فوٹیج میں دو گاڑیوں کو ریس لگاتے دیکھا جا سکتا ہے اور اس دوران ایک تیز رفتار گاڑی نے دو موٹر سائیکلوں کو روند ڈالا۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے میں 14 سالہ سبحان جاں بحق جبکہ دو لڑکے زخمی ہوئے ہیں اور پولیس نے تیز رفتاری سے گاڑی چلانے والی لڑکی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
مقدمے میں بتایا گیا کہ نامعلوم لڑکی نے تیز رفتار اور غفلت کے باعث موٹر سائیکلوں کو ٹکر ماری، واقعہ تھانہ شمالی چھاؤنی کی حدود میں پیش آیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
