
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورلڈ یوتھ سکلز ڈے پرخصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی سے مستفید نوجوان ہی ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے کے نوجوان کو ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے لیس کرنے کا عزم کا اعادہ کرتے ہوئے نوجوانوں کو لانسنگ، آئی ٹی اور ٹیکنیکل ٹریڈز میں شمولیت کی ہدایت کی ہے۔
مریم نواز شریف نے ورلڈ یوتھ سکلز ڈے پرخصوصی پیغام میں کہا کہ ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے مستفید نوجوان ہی ملکی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے، نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ نصاب میں ای-کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور جدید آئی ٹی کورسز شامل کیے گئے ہیں۔ سحر پروگرام سے صوبے بھر کی 5,365 خواتین کو جدید بیوٹیفکیشن، ہاسپیٹلٹی اور ایئرلائن مینجمنٹ کورسز کروائے جا رہے ہیں،سحر پروگرام میں خواتین کو مفت لیپ ٹاپ اور ماہانہ 7,500 روپے وظیفہ دیا جارہا ہے۔
