
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں ایران کو متنبہ کیا ہے کہ اگر تہران کے ساتھ کوئی معاہدہ نہ ہوا تو وہ اگلے ہفتے ایران کے پاور پلانٹس پر حملوں کا حکم دے سکتے ہیں۔
بدھ کو فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’امریکہ نے ایران پر معاہدہ کرنے کے لیے زور دیا تھا اور اس بات پر اصرار کیا تھا کہ وہ ایسے کسی معاہدے پر رضامند نہیں ہوں گے جس میں اس بات کی ضمانت نہ ہو کہ تہران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔‘
بی بی سی فارسی کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے دو ہفتے کے فاصلے پر ہے اور اگر اس کی جوہری تنصیبات پر بمباری نہ کی جاتی تو اس کو روکنا مشکل تھا۔
فاکس نیوز کے نمائندے ٹیری ینگ سیٹ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ آیا زمینی کارروائی کا امکان ہے، تو اس پر ٹرمپ نے کہا کہ ’میں اس بارے میں بھی کچھ نہیں کہنا چاہتا، کبھی کبھی زمینی آپریشن کی ضرورت پڑتی ہے لیکن ایسے لوگ بھی ہیں جو ہمارے لیے وہ زمینی کارروائی کریں گے۔‘
