
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کے خلاف حملوں کےموجودہ مرحلے کا اختتام ہو گیا ہے۔
بی بی سی اردو کے مطابق سینٹکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں امریکی وقت کے مطابق رات 10 بجے مکمل ہوئیں، جس دوران آبنائے ہرمز اور ایران کے ساحلی علاقوں کے قریب واقع فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ حملوں میں ایرانی ڈرون تنصیبات، بحری صلاحیتوں اور ساحلی دفاعی نظام کو ہدف بنایا گیا۔ اس کارروائی میں ڈرونز، جنگی طیاروں اور بحری جنگی جہازوں کا استعمال کیا گیا۔
سینٹکام کے مطابق یہ آپریشن ایران کے خلاف بحری اور ساحلی ناکہ بندی کی بحالی کے ساتھ کیا گیا اور سات گھنٹوں کے اندر مکمل ہوا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں کا مقصد ’تجارتی جہازوں اور عملے کو ایران سے لاحق خطرات میں کمی لانا‘ تھا۔
