
تہران (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایران نے مفاہمتی یادداشت کے غیر مؤثر ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل ’’ ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نے بتایا نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایران اب امریکہ کے ساتھ طے شدہ مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کا پابند نہیں رہا۔
انھوں نے صدر ٹرمپ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ امریکہ نے نہ صرف مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کی بلکہ خود ہی اسے مکمل طور پر ختم کر دیا۔معاہدے کی کسی ایک شق پر بھی عمل نہ ہونا پورے مفاہمتی یادداشت کو ختم کرنے کے لیے کافی تھا جبکہ امریکہ نے تو اپنی تمام ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایسی صورتحال میں اب ایران پر بھی اس مفاہمتی یادداشت کی پابندی لازم نہیں رہی۔ اب یہ ماضی کا قصہ بن گیا ہے۔ آئندہ اپنے فیصلے قومی مفادات کے مطابق کریں گے۔
واضح رہے کہ کچھ دنوں کی جنگ بندی کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان ایک بار پھر جنگ جاری ہے اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر حملے جاری ہیں۔
